News Details

12/09/2024

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کاضلع باجوڑ کی تحصیل سالارزئی میں انسداد پولیو ٹیم پر نا معلوم افراد کی فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے ضلع باجوڑ کی تحصیل سالارزئی میں انسداد پولیو ٹیم پر نا معلوم افراد کی فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پولیس حکام کو فائرنگ میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کےلئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے فائرنگ سے انسداد پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور ایک پولیس اہلکار اور ایک پولیو ورکر کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے شہداءکے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداءکے درجات کی بلندی اور پسماندگان کےلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے اور کہا ہے کہ انسداد پولیو ٹیموں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور بزدلانہ اقدام ہے، واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات میں ملوث ہمارے بچوں کے محفوظ مستقبل کے دشمن ہیں، بزدلانہ واقعات سے انسداد پولیو ٹیموں کے حوصلے پست نہیں ہونگے۔ فائرنگ کے واقعے میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے۔ علی امین گنڈاپور نے شہداءکے اہل خانہ کے لئے مالی امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداءپیکج کے تحت لواحقین کی بھر پور مالی معاونت کی جائے گی، مشکل کی اس گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے فائرنگ سے زخمی پولیس اہلکار کی جلد صحت یابی کےلئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔