News Details

17/08/2024

بیروزگاری اہم ترین مسائل میں سے ایک ہے، نوجوانوں کو بر سرِ روز گار کرنے کے لئے پروگراموں کو فوری حتمی شکل دی جائے، وزیراعلیٰ

بیروزگاری اہم ترین مسائل میں سے ایک ہے، نوجوانوں کو بر سرِ روز گار کرنے کے لئے پروگراموں کو فوری حتمی شکل دی جائے، وزیراعلیٰ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے صوبے کے نوجوانوں کو بر سرِ روزگار کرنے کے لئے ترتیب دیے گئے کاروباری پروگرامز (احساس نوجوان روزگار، احساس ہنراور احساس روزگار ) کو جلد شروع کرنے کے احکامات دیتے ہوئے مفاہمتی یادداشتوں کے لئے تیاری مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے یہ احکامات مختلف محکموں کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیے۔ اجلاس میں صوبائی کابینہ کے اراکین مزمل اسلم ،سید فخر جہان، مشال اعظم ، امجد علی، عبدالکریم تورڈھیر کے علاوہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری پی اینڈ ڈی سید امتیاز حسین شاہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ بیروزگاری کو اہم ترین مسائل میں سے ایک قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ان پروگرامز کے نفاذ کے لیے حقیقت پسندانہ اور منصفانہ حکمت عملی اختیار کرنے، ہر ضلع کو اس کی آبادی کے تناسب سے حصہ دینے اور ہر قسم کی سیاسی وابستگی سے بالاتر میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان پروگراموں کے ثمرات دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے نوجوانوں تک پہنچنے چاہیئں تاکہ روزگار کے متلاشی قابل نوجوانوں کو روزگار پیدا کرنے والا بنایا جاسکے۔ اسی طرح صوبے میں کم آمدنی والے گھرانوں کی رہائش کی ضروریات کو پورا کرنے اور ان کے سماجی و معاشی حالات کو بہتر بنانے کے لیے "احساس اپنا گھر پروگرام" کی تیاری کا جائزہ لیا گیا۔ "احساس اپنا گھر پروگرام" کے تحت کم آمدنی والے افراد کو نئے گھر کی تعمیر، موجودہ گھر کی تزئین و آرائش یا اپارٹمنٹ کی ملکیت کے لیے 15لاکھ روپے تک بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ احساس نوجوان روزگار سکیم کے پائلٹ پراجیکٹ کے تحت دس ملین روپے تک کے سافٹ لون فراہم کیے جائیں گے۔خیبرپختونخوا بشمول ضم اضلاع کے مستقل رہائشی جن کے پاس اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے ہنر اور قابل عمل پلان ہو گا وہ اس پروگرام سے مستفید ہو سکیں گے۔ اسی طرح احساس روزگار اسکیم کے تحت چھوٹے پیمانے پر نیا کاروبار شروع کرنے یا پہلے سے موجود کاروبار کو توسیع دینے کی خواہش اور اہلیت رکھنے والے افراد کو دو لاکھ روپے تک کا بلا سود قرضہ مہیا کیا جائے گا۔ اس اسکیم پر فلاحی ادارے کے تعاون سے عمل درآمد کیا جائے گا۔ احساس ہنر پروگرام کے تحت بھی فنی و پیشہ ورانہ تعلیمی اداروں سے گریجویٹس یا ڈپلومہ/ سرٹیفکیٹس ہولڈرز کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے بینک کے ذریعے پانچ لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے دیے جائیں گے. وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ان پروگرامز کی کامیابی کے لئے ضروری ہے کہ یہ پیسہ ضرورتمند اور قابل نوجوانوں کے ہاتھوں تک پہنچے۔