News Details

15/08/2024

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوسردار علی امین خان گنڈاپورنے کہا ہے کہ ہمارے قومی ترانے کا ہر لفظ اتفاق اور اتحاد کا درس دیتا ہے

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوسردار علی امین خان گنڈاپورنے کہا ہے کہ ہمارے قومی ترانے کا ہر لفظ اتفاق اور اتحاد کا درس دیتا ہے ، اتفاق واتحاد سے ہی قومیں عظیم بنتی ہےں اور آگے بڑھتی ہےں ، معاشرے کے ہر فرد پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم ایک دوسرے کا دست و بازو بنےں۔ ہم ایک عظیم قوم تھے لیکن بدقسمتی سے کچھ ایسے فیصلے ہوئے اور پالیسیاں بنیں جن سے ہمیں کافی نقصان ہوا لیکن ہم نے ہمت نہیں ہارنی ، مقابلہ کرنا ہے اور محنت اور اچھی نیت کے ساتھ آگے بڑھنا ہے اور ایک عظیم قوم بننا ہے تاکہ پوری دنیا ہم پر فخر کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں یوم آزادی کے موقع پر منعقدہ ایک پروقار تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں اپنی طرف سے دنیا کے کسی بھی کونے میں بسنے والے ہر پاکستانی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، خاص طور پر اپنے لیڈر عمران خان جو پاکستان کے لئے جیل میں قید ہےں کو خصوصی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔میں ملک کا آئین اور قانون توڑنے والوں کو بالکل بھی مبارکباد نہیں دیتا کیونکہ وہ مبارکباد کے مستحق نہیں ہےں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے پاکستان کے قیام کا خواب دیکھا،ہمیشہ بڑا کام وہی لوگ کرتے ہیں جو بڑا خواب دیکھتے ہیں، قیام پاکستان کےلئے قائدین اور دیگر لوگوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں انہوں نے ہمارے لئے بے شمار قربانیاں دی ہیں اب اس ملک کو ایک عظیم ملک بنانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ وزیراعلیٰ نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں سے قوم کی بڑی امیدیں ہیں اور ان امیدوں پر پورا اترنے کےلئے پہلی شرط ایمانداری اور محنت کا جذبہ ہے۔ علی امین گنڈا پور نے اپنی تقریر میں کہا کہ سیاسی قیادت اور سرکاری حکام نے ملکر عوام کی خدمت کرنی ہے ،ہم عوام کے ووٹ سے آئے ہیں ،ہمیں عوام کا پیسہ امانت سمجھ کر ہی عوام پر خرچ کرنا ہے،ہم پر ایک بہت بڑی ذمہ داری عائد ہے اور اس ذمہ داری کو بطریق احسن نبھانا ہے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ نے یوم آزادی کے موقع پر سول سیکرٹریٹ میں قائم یادگار شہداءپر حاضری دی ، پھول رکھے اور دعا کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے قومی پرچم کشائی کی اور 77 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا ۔ وزیراعلیٰ نے سول سیکرٹریٹ کے سبزہ زار میں یوم آزادی کی مناسبت سے پودا لگایا اورشہریوں سے اپیل کی کہ وہ بھی یوم آزادی پر کم از کم ایک پودا ضرور لگائیںاور اس کی حفاظت کریں۔ صوبائی کابینہ اراکین پختون یار خان، مزمل اسلم، ملک لیاقت علی خان، ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی ثریا بی بی، چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری، انسپکٹر جنرل آف پختونخوا پولیس اختر حیات خان ، ایڈیشنل چیف سیکرٹریز اور دیگر سرکاری حکام بھی تقریب میں شریک ہوئے۔