News Details

14/08/2024

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا پولیس ،ایف سی، پاک افواج ، ریسکیو سمیت دیگر محکموں کے آن ڈیوٹی شہید ہونے والے اہلکاروں کے اہل خانہ کو مفت پلاٹوں کی فاسٹ ٹریک الاٹمنٹ کا حکم

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا پولیس ،ایف سی، پاک افواج ، ریسکیو سمیت دیگر محکموں کے آن ڈیوٹی شہید ہونے والے اہلکاروں کے اہل خانہ کو مفت پلاٹوں کی فاسٹ ٹریک الاٹمنٹ کا حکم وزیر اعلی خیبر پختونخوسردار علی امین خان گنڈاپورنے پولیس ، پاک افواج ، ایف سی ، ریسکیو1122 کے علاوہ دیگر صوبائی سرکاری محکموں کے دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے اہلکاروں کے اہلخانہ کو مفت پلاٹس دینے کا فیصلہ کیاہے ۔ یہ فیصلہ انہوں نے منگل کے روز محکمہ ہاوسنگ کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی ، سیکرٹری ہاؤسنگ ڈاکٹر عنبر علی خان ، ڈائریکٹر جنرل پراونشل ہاوسنگ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔ وزیراعلیٰ نے پختونخوا ہاوسنگ اتھارٹی کو صوبائی حکومت کی ہاؤسنگ اسکیموں میں آن ڈیوٹی شہید سرکاری ملازمین کے اہل خانہ کو مفت پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ شہداءکے لواحقین کو مفت پلاٹس دینے کا مقصد شہداءکی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے ، شہداءنے ہمارے محفوظ مستقبل کے لیے جو قربانیاں دی ہیں ان کا کسی صورت بدلہ نہیں چکایا جا سکتاتاہم یہ اقدام ان خاندانوں کے لئے ایک خیر سگالی اور مالی معاونت کے طور پرہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہداءکے اہلخانہ کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ کا آغاز صوبے میں مختلف سرکاری ہاوسنگ اسکیموں میں دستیاب 500پلاٹوں کی الاٹمنٹ سے کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہنگو، پشاور، نوشہرہ، سوات اور ایبٹ آباد میں واقع سرکاری ہاؤسنگ سکیموں میں دستیاب پلاٹوں سے شہداءکے خاندانوں کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ جلد شروع ہو جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ جاری ہاؤسنگ اسکیموں میں بھی مذکورہ شہید اہلکاروں کے خاندانوں کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائیں۔