News Details

06/08/2024

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کا رواں مہینے کے آخری ہفتے یا اگلے مہینے کے اوائل میں اسلام آباد میں جلسہ کرنے کا اعلان

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے رواں مہینے کے آخری ہفتے یا اگلے مہینے کے اوائل میں اسلام آباد میں جلسہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ ایف نائن پارک، ترنول یا کسی بھی مناسب جگہ پر جلسے کی اجازت دے اور اگر اجازت نہ دی گئی تو پھر ڈی چوک میں ہی جلسہ کیا جائے گا، عدلیہ اس معاملے میں بیچ میں نہ آئے کیونکہ اسلام آباد کے ایوان میں بیٹھے لوگ اس سلسلے میں عدالت کے فیصلوں کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں۔ پچھلی دفعہ ترنول میں ہمارے جلسے کی این او سی کینسل کرکے اسلام آباد انتظامیہ نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی لیکن اس بار کسی کا باپ بھی این او سی کینسل نہیں کرسکتا۔ پیر کے روز صوابی میں پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جو کہا اس پر ڈٹا رہا، اس نے قوم کی حقیقی آزادی کی بات کی اور آج ہمارے بچوں کے بہتر مستقبل کے لئے جیل میں ہے، عمران خان نے کہا میں کھبی کسی کے سامنے نہیں جھکا اور نہ اپنی قوم کو کسی کے سامنے جھکنے دوں گا، یہی وجہ ہے کہ ایک سازش کے تحت اس کی حکومت ختم کرکے اس کو جیل میں ڈالا گیا ہے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا میں قوم کو عمران خان کا پیغام دے رہا ہوں کہ اگر آج ہم حقیقی آزادی نہ لے سکے تو نہ تاریخ ہمیں معاف کرے گی اور نہ ہماری آنے والی نسلیں، اس لئے آج ہم اس جلسے میں ہاتھ اٹھا کر وعدہ کرتے ہیں کہ ہم خون کے آخری قطرے تک عمران خان کی رہائی اور حقیقی آزادی کے لئے جدوجہد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم والوں نے امریکہ کے کہنے پر اپنی سر زمین پڑوسی ملک افغانستان میں آپریشن کے لئے استعمال ہونے کی اجازت دی اور آج الزام لگارہے ہیں کہ ملک میں جو دہشتگردی ہو رہی ہے وہ افغانستان سے ہورہی ہے تو یہ ان غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہو رہی ہے ، عمران خان کی حکومت میں ملک میں امن قائم ہوا تھا، جب دوبارہ سے پی ڈی ایم کی حکومت آئی تو ملک میں دہشت گردی پھر سے شروع ہوگئی۔ علی امین گنڈاپور نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم نہ صرف ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ کریں گے بلکہ امپورٹڈ حکومت سے قوم کو حقیقی آزادی بھی دلائیں گے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دور میں بجلی 16 روپے یونٹ تھی اور آج پی ڈی ایم کی حکومت میں 70 روپے یونٹ ہے لیکن لوگوں کو بجلی نہیں مل رہی اور خزانہ بھی خالی ہے، ان لوگوں نے اپنے کمیشن کے لیے آئی پی پیز کے معاہدے کئے اور آج اس بجلی کے لئے آئی پی پیز کو 2200 ارب روپے سالانہ ادا کئے جا رہے ہیں جو 80 فیصد پیدا ہی نہیں ہورہی، اس بات کا حساب کون دے گا اور ایسے معاہدے کرکے قوم پر بوجھ ڈالنے والوں کو سزا کون دے گا۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عمران خان ایک نظریہ ہے اور نظریہ کھبی ختم نہیں ہوتا، پاکستان تحریک انصاف ایک جنون ہے اور جنون مرتا نہیں بڑھتا رہتا ہے، ہم حقیقی آزادی کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے اور پیچھے نہیں ہٹیں گے، عمران خان آج جیل میں ہیں لیکن پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان اور عوام آج فسطائیت کے خلاف چٹان بن کر کھڑے ہیں، آج صوابی کا یہ تاریخی جلسہ اس بات کا ثبوت ہے، اس جلسے میں عوام کا جم غفیر یہ بتا رہا ہے کہ عوام نے خوف کے بت توڑ دیئے ہیں اور وہ حقیقی آزادی کے حصول کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف اور تحریک تحفظ آئین کے مرکزی قائدین بشمول بیرسٹر گوہر علی، اسد قیصر، علی محمد خان، محمود خان اچکزی، صاحبزادہ حامد رضا اور دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے عمران خان کی جلد رہائی کا پرزور مطالبہ کیا۔