News Details

04/08/2024

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈانے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کی بہادر پولیس نے امن عامہ کے قیام ، عوام کے جان و مال اور قومی املاک کے تحفظ کیلئے فرض شناسی کے انمٹ نقوش ثبت کئے ہیں

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈانے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کی بہادر پولیس نے امن عامہ کے قیام ، عوام کے جان و مال اور قومی املاک کے تحفظ کیلئے فرض شناسی کے انمٹ نقوش ثبت کئے ہیں اور پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران قربانیوں کی ایک تاریخ رقم کی ہے۔ یوم شہداءکے پولیس کے موقع پر یہاں سے جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان بشمول خیبرپختونخوا کی پولیس اپنے نڈر اور فرض شناس افسر صفوت غیور شہید کے یوم شہادت (4 اگست) کو ہر سال "یوم شہدائے پولیس " کے طور پر مناتی ہیں اور قوم کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتی ہیں۔ یہ زندہ قوموں کی علامت ہے کہ وہ اپنے ہیروز کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ ایک ناقابل تردید حقیقت ہے کہ خیبر پختونخوا پولیس نے گزشتہ کئی دہائیوں سے انتہائی نامساعد حالات میں جس ہمت دلیری اور شجاعت کا مظاہرہ کیا ہے، اس پر جتنا بھی فخر کیا جائے کم ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس نے لازوال قربانیوں کی داستان رقم کی ہے، ملک و قوم کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں میں پولیس کے سپاہیوں سے لے کر اعلیٰ افسران تک ہر رینک کے اہلکار اور افسران شامل ہیں۔ سردار علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے ہر محاذ پر شر پسند اور سماج دشمن عناصر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور اس خطے میں امن کی بحالی کیلئے جو شہادتیں پیش کیں وہ تاریخ کے اوراق میں سنہرے حروف سے لکھی جائیں گی۔ پولیس شہداءہمارے محسن ہیں اور ہم ہمیشہ ان کے احسان مندر ہیں گے، ہم اپنے ان عظیم شہداءکو خراج عقیدت اور ان کے لواحقین کے صبر و استقامت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایاکہ حکومت شہدائے پولیس کے لواحقین کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی اور اُن کے ساتھ بھر پور تعاون کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ وزیراعلیٰ نے یہ بھی یقین دلایا ہے کہ صوبائی حکومت مشکل اور نا مساعد حالات کے باوجود پولیس کی ضروریات پوری کرنے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور پولیس کو مزید مستحکم بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے گی۔